شوگر مافیہ کے خلاف کارروائی کا وعدہ جلد پورا ہوگا: وزیر اطلاعات

539

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شوگر مافیہ کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا جو جلد پورا ہوگا۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ شوگر مافیہ کے خلاف کارروائی ہوگی اور وزیراعظم کا یہ وعدہ جلد پورا ہوگا، آج بنی گالا میں اسی حوالے سے اہم اجلاس ہے، اجلاس کے بعد پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے شوگر رپورٹ میں نام آنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے فیصلے کے حوالے سے آج اعلیٰ سطح اجلاس بلالیاہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے شوگر رپورٹ میں نام آنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیاتھا اس حوالے سے آج بروز اتوار اعلیٰ سطح اجلاس بلایاگیاہے جس میں اس حوالے سے فیصلہ کیاجائے گا۔

یہ بھی واضح رہے کہ شوگر اسکینڈل کے ایک اہم کردار اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین جمعہ کو اچانک لندن چلے گئے ہیں اور لندن روانگی سے قبل انہوں نے جڑواں شہروں میں اہم ملاقاتیں بھی کی ہیں اور ساتھ ہی واضح بھی کردیا ہے کہ وہ وطن واپس جلد آئیں گے۔

ذرائع مزید بتایا ہے کہ حکومت کے بعض حلقے ان کے بیرون ملک جانے کے حق میں نہیں تھے مگر ترین چونکہ ٹکٹ بھی بک کروا چکے تھے اس لیے ان ملاقاتوں کے بعد جانے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ بھی پتا چلا ہے کہ شوگر اسکینڈل کی فرانزک آڈٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمے داروں کے خلاف ابھی نیب یا ایف آئی اے نے کوئی کاروائی شروع نہیں کی اور اس حوالے سے وہ حکومتی احکامات کے منتظر ہیں دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ دنوں ہونے والی اہم ملاقاتوں میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ جہانگیر ترین کے خلاف مزید کارروائی سے گریز کریں ۔