قبلہ اوّل کی آزادی مسلم حکمرانوںپر قرض ہے‘ دردانہ صدیقی

182

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ بیت المقدس کی آزادی مسلم حکمرانوں اور افواج پر قرض بھی ہے اور فرض بھی، امت کے مقتدر طبقوں اور حلقوں نے اگر اس فرض کو ادا نہیں کیا تو انہیں آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ مسلمانوں کے قبلہ اوّل بیت المقدس کو صہیونی قبضے میں نصف صدی سے زاید کا عرصہ بیت چکا، حیرت ہے کہ امت مسلمہ کی مقتدر قوتیں کیسے چین کی نیند سو جاتی ہیں، القدس پھر کسی صلاح الدین ایوبی کا منتظر ہے، مسلم حکمران غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں اور قبلہ اوّل کو صہیونی شکنجے سے آزاد کرائیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمان دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو، اس کا دل بیت المقدس اور اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، ان ماوں، بہنوں، بچوں اور بزرگوں کو جو غاصب اسرائیلی فوج کے سامنے سینہ سپر رہتے ہیں پوری امت سلام پیش کرتی ہے۔