نہری نظام کی بحالی کیلیے عملی اقدام کررہے ہیں،نور اللہ قریشی

353

بدین (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نوراللہ قریشی کا ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان کے ہمراہ بدین ضلع کو سیراب کرنے والی مختلف نہروں اور سیم نالوں اور ریگولیٹرز کا دورہ، دھان اور دیگر سیزن کی فصلوں کے لیے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کا جائزہ لیا، آبادگاروں سے ملاقات۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نور اللہ قریشی نے ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان اور پیپلز پارٹی بدین کے عہدیداروں کے ہمراہ بدین، گولارچی، ماتلی اور ٹنڈو باگو کی نہروں گھونی، مورجھر، شیرواہ، کھورواہ، گولارچی ریگولیٹر، ٹی پی ایکس ریگولیٹر، ستر ریگولیٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آبپاشی کے نہری اور سیم نالے کے نکاسی آب کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور مقامی آبادگاروں، بلدیاتی نمائندوں، ہاریوں اور صحافیوں سے ملاقات کر کے ان کی شکایات سنیں اور موقع پر موجود محکمہ انہار اور ڈرینج کے افسران کو شکایات کے ازالے، پانی کی مکمل فراہمی اور بارشوں سے قبل نکاسی آب کے سسٹم کی مکمل بحالی کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی پیر نور اللہ قریشی نے کہا کہ ملکی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے اور زرعی پیدوار کے لیے نہری پانی کی فراہمی اور اضافی پانی کی نکاسی بروقت لازمی ہے۔ موجودہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت جدید کاشتکاری، آبپاشی اور نکاسی کے سسٹم کو مو¿ثر اور فعال بنانے کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے سندھ بھر میں نہری نظام کی بحالی کے لیے عملی اقدام کررہی ہے جبکہ سیم نالوں کی تعمیر اور مرمت پر بھی کام جاری ہے۔ اس موقع پر ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان نے کہا کہ ہم جدید نہری نظام کی بحالی کے علاوہ پانی کی چوری کو روکنے کے لیے سخت اور ضروری اقدام کررہے ہیں، چار سو سے زائد غیرقانونی اور پانی چوری کرنے کے لیے لگائے گئے واٹر لیف پمپ اور موٹروں کو ہٹایا گیا، 800 سے زائد گنجائش اور سائز سے زائد بنائے گئے واٹر کورس اور ان کے نہری موگے درست کیے ہیں جبکہ سندھ بھر میں واٹر کورس پختہ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سندھ حکومت نے واٹر مینجمنٹ ونگ کو فعال کرنے کے لیے بجٹ مختص کر کے عملی اقدام کو مزید تیز کردیا ہے۔ اس موقع پر مقامی آبادگاروں کی جانب کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی اور چیئرمین ایریا واٹر بورڈ نے دھان کی کاشت کے علاقوں میں پانی کی قلت کو فوری دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی رمضان چانڈیو، سیکرٹری حاجی سائیں بخش جمالی، بدین کے جنرل سیکرٹری اور رکن ضلع کونسل عبدالرحمن بلوچ، آبادگار رہنما ملازم خان لغاری، سردار ممتاز چانگ، قمرالزمان لغاری اور دیگر بھی موجود تھے۔