بلوچستان‘مختلف علاقوں میں فائرنگ‘ 5 افرادجاں بحق‘2 زخمی

136

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے 3 واقعات۔جس میں 5 افراد جاں بحق اور2 زخمی ہو گئے ۔اطلاعات کے مطابق ضلع نوشکی کے علا قے قادر آباد میں زمین کے تنازع پر2 گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں میر عبدالباقی بادینی اور اس کا بیٹا شعیب بادینی جاںبحق جبکہ سلال احمد بادینی اورغازی خان زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اورزخمیوں کو سول اسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا دوسرا واقعہ گوادر میں پیش آیاجہاں علاقہ جناح ایونیو کے مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص دلمراد موقع پرجاں بحق ہوا جبکہ اس کا ساتھی در محمد شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علا ج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ فائرنگ کا تیسرا واقعہ بلوچستان کے علا قے لونی میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان قتل کردیا۔ قتل کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں، لیویز نے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔