رمضان شوگر ملزکیس‘شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی طلبی کا فیصلہ

125

لاہور(نمائندہ جسارت )لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی طلبی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی طلبی کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جج امجد نذیر چودھری نے جاری کیا۔عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ ملزمان کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم کی کارروائی عرصے سے التوا کا شکار ہے اور ملزم حمزہ شہباز کو بھی حفاظتی اقدامات کے باعث پیش نہیں کیا گیا۔ جیل انتظامیہ آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر صورت پیش کرے۔فیصلے میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات پرعمل نہ کیا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ملزم شہباز شریف بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔عدالت نے حکم دیا کہ شہباز شریف فرد جرم کی کارروائی کے لیے 11 جون کو ہر صورت پیش ہوں۔خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر پہلے بھی فرد جرم عاید کی جا چکی ہے تاہم دونوں کی جانب سے صحت جرم کے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کیا تھا۔