آٹا چینی پیٹرول کا بحران پیدا کرنے والوں کو سزا دیجائے، حسین محنتی

128

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے آٹا چینی اور پیٹرول کا بحران پیدا کیا ہے ان کو قانون کی پکڑ میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے، کورونا وبا نے پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان اور حکومتی تمام دعوئوں کے برعکس صحت کے نظام کی کمزوریوں کو بے نقاب کردیا ہے۔ سندھ کے سرکاری اسپتالوں کا بہت برا حال ہے،اسپتال میں مطلوبہ سہولیات کا فقدان اور کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ عملی طور سارا نظام بیٹھ گیا ہے۔ کورونا کے بعد سندھ سمیت پورا ملک ٹڈی دل کی لپیٹ میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے سندھ بھر کی دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی جبکہ سندھ کی سیاسی وتنظیمی صورتحال کا جائزہ اور آئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کورونا سے اللہ تعالی نے دنیا کو ایک نئی آزمائش میں ڈالا ہوا ہے جوکہ اللہ کے نظام سے بغاوت کا نتیجہ ہے۔ نجات و کامیابی کا واحد ذریعہ توبہ استغفار اور رجوع الی اللہ ہے۔ لاک ڈائون کی وجہ سے دینی و سیاسی سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں۔ حفاظتی تدابیر کے ساتھ اصلاح معاشرہ اور اقامت دین کی جدوجہد جاری رکھی جائے۔الخدمت سندھ کے نائب صدر سید محمد یونس نے اجلاس کو آگاہ کیاکہ الخدمت فائونڈیشن سندھ نے کراچی کے علاوہ کورونا ریلیف سرگرمیوں میں 8کروڑ 68 لاکھ روپے مالیت کا راشن 4 لاکھ 33 ہزار خاندانوں تک پہنچایا ۔