سنی تنظیمات کا14جون سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کااعلان

215

لاہور (نمائندہ جسارت) سنی تنتظیمات کے مشترکہ پلیٹ فارم تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام دارالعلوم جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہومیں’’ناظمین مدارس اہل سنت کنونشن‘‘کے مشترکہ اعلامیے میںکہاگیا ہے کہ20شوال المکرم بمطابق 14جون 2020ء کے بعدمدارس دینیہ میں تعلیمی سرگرمیوں کاآغاز کیاجائے گا۔ حکومت وقت اورملکی اداروں کے ساتھ مساجد کے لیے طے شدہ ایس اوپیز کامدارس میںبھی عمل کرینگے۔ مذہبی طبقے نے کورونا کی صورتحال میںسب سے زیادہ ذمے داری کاثبوت دیاہے اورآئندہ بھی دیں گے۔لیکن دینی اقدار وروایات کاتحفظ اورپاسداری پرکسی قسم کاسمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔اگر صوبائی اوروفاقی حکومت یا ملکی ادارروں نے مذہبی طبقے یامدارس دینیہ کودیوار سے لگانے کی کوشش کی توہم کوئی راست اقدام کرنے پر مجبور ہوں گے۔ 11جون ،صبح9بجے ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدؒ کے 11ویں یوم شہادت کے موقع پرجامعہ نعیمیہ میں شہید پاکستان سیمینار ہوگا۔ 12جون کویوم شہید پاکستان منایاجائے گا ۔سیمینار کی صدارت شیخ الحدیث صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی نے کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ ورکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ مدارس دیینہ میں روایتی نظام تعلیم کے ساتھ ساتھ جدیدنظام تعلیم کو اپنایاجائے تاکہ طلبہ کے سال کو ضائع ہونے سے بچایا سکے۔آن لائن کلاسز اورفاصلاتی و موصلاتی نظام کے تحت بھی مدارس کے طلبہ وطالبات کے لیے تعلیم وتدریس کااہتمام کیا جائے۔ مولانا محمدعلی نقشبندی نے کہاکہ مدارس کے مسائل انفراد ی نہیں اجتماعی ہیں ملکر حل کرناہوںگے،ناظمین مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دے کر مسائل کے حل کیلیے اپنا کردارادا کریں۔ سیمینار سے دیگر علما کرام نے بھی خطاب کیا ۔