مالی: فرانسیسی فوج کی کارروائی‘ القاعدہ کا افریقی سربراہ مارا گیا

207

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی حکام نے مالی میں ایک آپریشن کے دوران القاعدہ کے اہم رہنما عبدالمالک دروکدال کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مالی کے شمالی علاقے میں فرانسیسی فوجیوں نے 3 جون کو بڑی کارروائی کی۔ وزیر دفاع فلورنس پارلے نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ آپریشن الجزائر کی سرحد کے قریب کیا گیا، جس میں کئی دیگر جنگجو بھی مارے گئے۔ اس دوران امریکا کی مدد بھی حاصل رہی۔ افریقا میں امریکی کمانڈر نے تصدیق کی ہے کہ القاعدہ کے افریقی سربراہ کے خلاف کیے گئے آپریشن میں امریکا نے انٹیلی جنس فراہم کی تھی۔ کرنل کرس کارنز کے مطابقیہ مشن ایک اجتماعی فتح ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عبدالمالک درودکال دھماکاخیز مواد تیار کرنے کا ماہر تھا، جسے الجزائر میں اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے مہاجرین کے دفاتر اور ایک سرکاری عمارت پر حملے کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔ دہشت گردی کے اس واقعے میں 26 افراد ہلاک اور 177 زخمی ہوئے تھے۔ فرانسیسی وزیر دفاع فلورنس پارلے کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران مالی میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک سینئر کمانڈر محمد المرابت کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔