اسرائیلی پولیس کا شہید کے گھر اور مظاہرین پر دھاوا

218

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کی وادیٔ الجوز میں شہید فلسطینی ایاد الحلاق کے گھر پر اچانک دھاوا بول دیا۔ اس موقع پر نصب کیا گیا خیمہ اکھاڑ دیا گیا اور زبردستی گھر کی تلاشی کی آڑ میں موجود افراد پر تشدد کیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی اہل کاروں نے جمعرات کے روز کارروائی کی، جس کے بعد علاقے میں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ اسرائیلی اہل کاروں نے 2 فلسطینیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ دریں اثنا مغربی کنارے کے بڑے حصے کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کے صہیونی منصوبے کے خلاف طوباس کے علاقے میں احتجاج کیا گیا، جہاں قابض فوج نے حملہ کرکے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے بھی پھینکے۔ علاوہ ازیں قابض ریاست کی پولیس نے ہفتے کے روز مقبوضہ بیت المقدس سے 4 فلسطینیوں کو اغوا کرلیا۔ عینی شاہدین کے مطابق قابض اہل کاروں نے تلاشی کے نام پر کی گئی کارروائیوں میں 4 افراد کو اغوا کرلیا گیا۔