لاڑکانہ پولیس کی کارروائی، مختلف مقامات سے 7 ملزمان گرفتار

183

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات، موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کرلیے۔ طابق ہٹڑی غلام شاہ پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان تفسیر جونیجو اور نادر جونیجو کو دو عدد بندوق اور کارتوسوں سمیت، علی گوہر آباد پولیس نے ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان کے سٹی تھانے پر بچوں کے اغوا کے مقدمے میں مطلوب ملزم ماجد کلہوڑو کو، نوڈیرو پولیس نے دو ملزمان گلشن شیخ اور اسلم کرٹیو کو ہیروئن اور چرس سمیت، بقاپور پولیس نے مطلوب ملزم پیرل چانڈیو کو، تعلقہ پولیس نے دوران چیکنگ مطلوب ملزم محمد بخش مغیری کو گرفتار کرلیا جبکہ رتوڈیرو پولیس نے شہری شبیر شاہ کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کردی۔ دوسری جانب باڈہ، تعلقہ اور گڑہی خدا بخش بھٹو تھانوں کی پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 20 چوری شدہ موبائل فونز برآمد کرلیے گئے جبکہ انچارج ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سسٹم آئی ٹی غلام شبیر میرانی نے جدید تیکنیکی آلات کے ذریعے چوری شدہ موبائل فونز اصل مالکان شہزاد سلیم کہرل، سفیر گاڈہی، آفتاب عباسی، جواد میرانی، عصمت اللہ بھٹو، حفیظ سامٹیو و دیگر کے حوالے کردیے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔