کورونا وبا میں بھی پولیس ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے، عثمان غنی صدیقی

357

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ پولیس کا فرض ہے، کورونا وبا میں بھی پولیس ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے، ایس ایس پی عثمان غنی صدیقی۔ سانگھڑ میں نو تعینات ایس ایس پی عثمان غنی صدیقی سے نیشنل پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سانگھڑ میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور جرائم میں ملوث افراد کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ گزشتہ دنوں سانگھڑ پولیس میں افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں اور انہیں مختلف ٹاسک دیے گئے ہیں۔ ایس ایچ اوز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اپنے علاقے سے جرائم کا خاتمہ کیا جائے، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کیا جائے اور جدید تفتیشی سسٹم سے تفتیش کے عمل میں بھرپور مدد لی جائے۔ امن و امان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، اس میں کسی قسم کی کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے، پولیس کورونا جیسی وبا کی روک تھام میں بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، پولیس ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی بھی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ شہریوں کے لیے میرے آفس کے دروزے ہمیشہ کھلے ہیں، کسی بھی قسم کی شکایات کے ازالے کے لیے کسی بھی وقت رجوع کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ پولیس سے متعلق بھی کسی قسم کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی ہمارا کنٹرول روم سمیت مجھ سے میرے اس 03008284210 نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب ایڈووکیٹ محمد قذافی نے ایس ایس پی کو سانگھڑ کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے فوری احکامات صادر کیے۔ ملاقات میں نیشنل پریس کلب کے سابق صدر ایڈووکیٹ محمد سلیم ملک اور سابق جنرل سیکرٹری سیف اللہ مغل بھی موجود تھے۔