حکومت فوری طور پر کھلنے والے شراب خانوں کو بند کرے، محمد افضال

131

جھڈو (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کورونا ایمرجنسی میں عید کے بعد کھلنے والے شراب خانے فوراً بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی ضلع میرپور خاص کے امیر محمد افضال، نائب امیر ڈاکٹر شمشاد علی خان، تحصیل جھڈو کے امیر حافظ عابد الرحمن نے صوبے بھر میں عید کے تیسرے روز کھلنے والے شراب خانوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے کورونا ایمرجنسی میں عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ مساجد میں عبادات اور نمازیوں کی تعداد محدود، مدارس بند اور مذہبی جلوسوں پر پابندی ہے، بازار سرشام بند ہوجاتے ہیں، ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہے، ملک میں کروڑوں محنت کش بے روزگار ہو کر فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ حکومت کو مالی مشکلات کا شکار ان کروڑوں محنت کشوں کے حوالے سے کوئی پالیسی بنانے اور صوبے کی حالت سدھارنے کے بجائے شراب خانے کھولنے کی فکر ہے۔ یہ حکومت سندھ کا دہرا معیار ہے، حکومت فوری طور پر کھلنے والے شراب خانوں کو بند کرے بصورت دیگر صوبے بھر میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔