پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، انجمن تاجران ڈگری

257

ڈگری (نمائندہ جسارت) انجمن تاجران ڈگری کے رہنما جنید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اس لیے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا کوئی بہادری نہیں ہے بلکہ یہ ایک بہت بڑی غفلت ہے۔ کورونا وائرس کو ڈرامہ سمجھ کر اس سے آنکھیں بند کرلینا کوئی عقلمندی نہیں، کورونا کی وبا قدرتی بیماری ہے، جو بڑھتی جارہی ہے، افواہوں سے بچ کر سنجیدہ طرز عمل اپنانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ڈاکٹر، انتظامیہ، پولیس جان جوکھوں میں ڈال کر احتیاط اور علاج کررہے ہیں ان کے حوصلے پست کرنا نا شکری کی انتہا ہے۔ کورنا کو مذاق سمجھ کر لاپروائی کرنا اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ماسک، دستانے اور سینی ٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔