ٹڈی دل سے زرعی معیشت کو 800ارب روپے نقصان کا خطرہ

262

کراچی(صباح نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث زرعی معیشت کو800 ارب روپے کے نقصان کا خطرہ ہے۔ ٹڈی دل کے باعث دھان، مکئی، گنے، پھلوں ، کپاس، سبزیوں اور چارے کی فصلوں کو شدید نقصان کا خدشہ ہے۔ زرعی و اقتصادی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ٹڈی دل کے تدارک کیلیے جامع حکمت عملی کے تحت مزید ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ چاول، مکئی اورگنے سمیت دیگر فصلوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے اورمستقبل میں غذائی عدم تحفظ کے مسائل کو کم سے کم کیا جاسکے۔ زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ ٹڈی دل پاکستان، بھارت، ایران، اومان سمیت دیگر کئی ممالک میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، اس سے ان ممالک میں1.5 ارب افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ پاکستان میں لائیوا سٹاک کا شعبہ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ لائیو اسٹاک کا شعبہ زرعی شعبہ کی ویلیو ایڈیشن میں 56 فیصد جبکہ مجموعی قومی پیداوار میں11فیصد کا حصہ دار ہے۔ لائیوا سٹاک کے ماہرین نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں 23.34ملین بھینسیں، 22.42ملین گائے، 24.24 ملین بھیڑیں، 0.77 ملین اونٹ، 49.14 ملین بکریاں اور319 ملین پولٹری جانور پالے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے چارے کی فصلوں پرحملوں کی وجہ سے لائیوا سٹاک کے شعبہ کی خوراک کے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔