ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت دور کرنے کا مطالبہ

203

کراچی(صباح نیوز)پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین احمد چنائے نے حکومت سے ملک بھر بالخصوص شہرقائد کراچی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ایندھن کی کمی وجہ سے نہ صرف تاجر برادری کیلیے پریشانی کا باعث ہے بلکہ ٹرانسپورٹ سیکٹرکی نقل وحمل بھی متاثر ہورہی ہے،پیٹرول نہ ملنے سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ہو گا اور سامان کی بروقت نقل و حرکت بھی متاثرہوگی،حکومت نوٹس لے۔احمد چنائے نے کہا ہے کہ قلت کے باعث ایندھن کی قیمتیں غیرقانونی طور پر بڑھ جاتی ہیں ،پیٹرولیم سیکٹرملک میںخوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے،حکومت نہ صرف پیٹرول پمپوں کو ایندھن کی فراہمی کیلیے سنجیدہ کوشش کرے کیونکہ اس وقت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول پمپوں کو سپلائی بند کردی ہے،کچھ فلنگ اسٹیشنوں کو سپلائی کم ہو رہی ہے ، جو صارفین کی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بزنس کمیونٹی کو پہلے ہی بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اب ایندھن کی قلت سے بھی وہ نقصانات سے دوچار ہیں،قیمتوں کے ساتھ ساتھ فراہمی کے معاملے کی بھی ذمے داری حکومت کی ہے، ہمیں امید ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین میں رکاوٹ کو فوری طور پر حل کرے گی۔