ملک میں 4734 مزیدکورونا کیسز اور 97 اموات ریکارڈ

186

اسلام آباد/ کراچی (نمائندہ جسارت/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں 4734 مزیدکورونا کیسز اور 97 اموات ریکارڈ کی گئیں‘1383 صحتیاب ہوئے‘پنجاب میں 2164، پختونخوا542 ، اسلام آباد میں 377مریض سامنے آئے‘ سندھ میں 1475 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے‘کورونا سے کراچی میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا‘وزیراعلیٰ سندھ نے سروسز اسپتال کراچی میں کورونا یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 4734 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 97 مریض انتقال کرگئے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 542 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 13001 ہوگئی۔ صوبے میں مزید 20 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 561 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ہفتے کو کورونا وائرس کے 2164 کیسز ریکارڈ اور 30 اموات کی تصدیق ہوئی‘ اموات کی مجموعی تعداد 659 تک جا پہنچی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق متاثرین کی تعداد 35 ہزار 308 ہوگئی۔اسلام آباد میں ہفتے کو 4 اموات کی تصدیق کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اموات کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی‘ 377نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 323 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میںہفتے کو ایک روز میں 45 نئے کیسز جبکہ کورونا وائرس سے مزید ایک موت کی تصدیق کی گئی۔ ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 32 مریضوں کی تصدیق ہوئی‘ جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں مزید ایک ہزار 383 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی۔جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار 198 سے بڑھ کر 32 ہزار 581 ہوگئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہو ئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں7030 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 1475 نئے مریض سامنے آئے‘ اس وقت صوبے بھر میں 36364کورونا کے مریض موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 19مریض انتقال کرگئے ہیں‘ انتقال کرنے والوں کی کل تعداد 634 ہوگئی ہے‘ 58مریض وینٹی لیٹر پر ہیں‘24 گھنٹے میں 554 مریض صحت یاب ہوئے ‘ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 18265 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سروسز اسپتال کراچی میں کورونا یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثنا کراچی پولیس کا ایک اور ملازم کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے 444 پولیس افسران اور اہلکار متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 300 سے زاید پولیس ملازمین ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈو کے مطابق کراچی شرقی کے سولجر بازار تھانے کے پولیس کانسٹیبل شکیل احمد میں 4جون کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی‘ اس کی طبیعت انتہائی خراب ہونے پر اسے لیاری جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب شکیل احمد انتقال کر گیا۔