اشرافیہ لاک ڈائون چاہتی ہے جس کا مطلب معیشت کی تباہی ہے،وزیر اعظم

388

اسلام آباد(صباح نیوز/اے پی پی/آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث حکومت کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے ، اشرافیہ لاک ڈائون چاہتی ہے، مراعات یافتہ طبقے کے پاس بڑے گھر اور زیادہ وسائل ہیں،لاک ڈائون کا مطلب معیشت کی تباہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ عوام کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، ڈاکٹر اور ہیلتھ پروفیشنل کورونا کے باعث شدید خطرات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کا واحد حل اسمارٹ لاک ڈاؤن سے ایس او پیز کے تحت معاشی سرگرمیاں بحال رہتی ہیں، پاکستان ایسی حکمت عملی اپنانے والے ملکوں میں شامل ہے۔ میڈیا،علماء اور ٹائیگر فورس کورونا کے حوالے سے عوام کو آگاہی دیں جبکہ عوام کہہ رہے ہیں کہ کورونا کا کوئی وجود نہیں یہ ایک عالمی سازش ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پرعلامہ اقبال سے منسوب اردو کی ایک نظم شیئر کی ۔عمران خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم کے پیغام کو سمجھیں جس سے ان کی خداداد صلاحیتوں میں نکھار آئے گا ۔بعد ازاں وزیر اعظم نے نظم کے حوالے سے تصحیح کی کہ یہ نظم علامہ اقبال کی نہیں ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے ’’وہ کوئی عروج دے نہ زوال دے، مجھے صرف اتنا کمال دے، مجھے اپنی راہ میں ڈال دے، کہ زمانہ میری مثال دے‘‘ نظم کو علامہ اقبال سے منسوب کر کے ٹوئٹر پیغام جاری کیا تھا جس کی بعدازاں انہوں نے تصحیح کردی ہے۔