وسیم خان کا ویلفیئر فنڈ میں 15 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان

522

لاہور(اسٹاف رپورٹر): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان آئندہ تین ماہ اپنے ذاتی اخراجات میں سے 15  لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔جو مالی مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈز مین کی امداد کیلیےخرچ کیے جائیں گے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ مشکلات میں گھرے ہوئے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف کی مالی معاونت  کرنے کافیصلہ ذاتی حیثیت میں کیا ہے، یہ میری طرف سے  چیئرمین ویلفیئر فنڈ میں ایک چھوٹا سا حصہ ہے جو  پہلے ہی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈاسٹاف کی مدد کرنے کیلئےقائم کیا جاچکا ہے۔

چیف ایگزیکٹیو  پی سی بی وسیم خان نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ایگزیکٹیو ٹیم کے سربراہ کی حیثیت سے مناسب تھاکہ میں ذاتی طور پرآگے بڑھتا اور اس ضمن میں یہ فیصلہ درست ہے۔ پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ کرنا ماضی میں روایت رہی ہے مگراس کے برعکس ہم نے آئندہ 12 ماہ کے لیے اپنے اخراجات کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صرف1 لاکھ روپےیا اس  سے کم تنخواہوں والے ملازمین کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہےجس پرعملدرآمد یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ وسیم خان کے اس عمل کی تعریف کرتے  ہیں ، وسیم خان کی جانب سے آگے بڑھ کر مثال قائم کرنا قابل ستائش ہے۔ وسیم خان کے اس عمل سےواضح ہوتا ہے کہ وہ صرف ایک اچھے رہنما ہی نہیں بلکہ وہ سابق و موجودہ کھلاڑیوں اور دیگراسٹیک ہولڈرز کی  فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نےمزید کہا کہ وسیم خان نے ہمیشہ پاکستان کی کرکٹ سے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی اسی کی ایک مثال ہے۔مجھے امید ہے کہ وسیم خان کی جانب سے فراخدلی کا یہ مظاہرہ  ان مشکل حالات میں ضرورت مند کرکٹرز کی مددکرےگا۔