محکمہ بلدیات سندھ اور نادرا نے آن لائن ڈیٹا انٹری متعارف کروادی

783

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) محکمہ بلدیات سندھ اور نادرا کے درمیان عوامی سہولتوں کی فراہمی میں انقلابی پیشرفت  ہوئی ہے، نئے معاہدے کے تحت سرٹی فیکٹس کے اجرا میں آن لائن ڈیٹا انٹری متعارف کروادی گئی۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے بتایا کہ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ بلدیات سندھ نے نادرا کے ساتھ معاہدہ تشکیل دیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر سندھ کے چھہ اضلاع کی 146یونین کونسلوں میں نادرا کے ڈیٹا بیس لنک کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جہاں سے عوامی سہولت کے پیش نظر پیدائش، اموات، نکاح وغیرہ کے سرٹیفیکٹ باآسانی مل جایا کریں گے اور لوگوں کو اپنی دستاویزات کے حصول کیلئےوقت اور توانائی صرف نہیں کرنی پڑے گی۔

اس مقصد کی تکمیل کی خاطر محکمہ بلدیات سندھ کے دفاتر میں نادرا کے عملے کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کو باقاعدہ سافٹ وئیر استعمال کرنے کے لئے ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔

 روشن علی شیخ کے مطابق اس سہولت کی بدولت ایک طرف تو لوگوں کو سرٹیفیکٹ کے حصول میں آسانی ہوگی اور رئیل ٹائم ڈیٹا انٹری کے فلسفے کے تحت سرٹیفیکٹ حاصل کرنے والے شخص کی معلومات سیکنڈوں کے اندر نادرا کے ڈیٹا بیس میں محفوظ جائے گی جس کی بدولت جعلسازی اور جھوٹے دستاویز بنانے کے رجحان کی بھی بیخ کنی کی جاسکے گی۔

سیکرٹری بلدیات سندھ نے بتایا کہ ان دفاتر میں آنے والے سائلین کی سہولت  کیلئے انتظار گاہ اور بیٹھنے کے لئے نشستوں کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ بروقت کام مکمل ہوسکے۔ روشن علی شیخ نے مزید بتایا کہ فی الحال چھہ اضلاع سے شروع ہونے والی عوامی سہولت کو مرحلہ وار صوبے کے تمام علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔