غیر معیاری اشیاء، ڈیفنس میں بریانی سینٹر سیل

717

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں کھانے پینے کی ناقص اشیاء کے استعمال پر بریانی سینٹر کو سیل کردیا گیا ہے،صفائی کے ناقص انتظامات پر آئیڈیل بیکری،موو این پک آئس کریم اور بریانی سینٹرز پر جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ضلع جنوبی شاہ زيب شيخ کی سربراہی میں ٹیم نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز 5 توحید کمرشل کے علاقے میں کارروائی کی،جہاں آئیڈیل بیکری،موو این پک آئس کریم اور بریانی سینٹر کا معائنہ کیا گیا۔

انسپیکشن کے دوران صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، فریزر کی ابتر حالت اور حشرات کی موجودگی بھی پائی گئی،ناقص اور زاید المیاد اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر آئیڈیل بیکری پر 25 ہزار جبکہ موو این پک آئس کریم اور بریانی سینٹر پر 30، 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنوبی نے کھانے پينے کی غیر معیاری اشیاء کے باعث بریانی سینٹر کو عارضی طور پر سیل کردیا ہے۔

ضلع جنوبی کی جانب سے تمام فوڈ سینٹرز،ریستوران اور کھانے پینے کی دکانوں کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے،جس میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔