پاکستان نے افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا: وزیر خارجہ

232

اسلام آباد: حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا جسے آج  دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔

وزیر خارجہ نے ایمبیسڈر محمد صادق کو خصوصی ایلچی برائے افغانستان تقرری پر مبارکباد اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی اس اہم منصب پر تعیناتی سے پاک افغان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔