ـ15 بولرز نے پہلے ٹیسٹ میں 10 سے زیادہ وکٹ حاصل کیں

79

سید پرویز قیصر
ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی تک15 بولروں نے پہلے ٹیسٹ میچ میں10 یا اس سے زیادہ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ایسا کرنے والے پہلے بولرانگلینڈ کے میڈیم فاسٹ بولر فریڈ مارٹن تھے جنہوں نے آسڑیلیا کے خلاف اوول میں اگست1890 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں5 گیندوں والے 57.2اوور میں102رنز دیکر12 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو پہلے ٹیسٹ میں کسی بولر کی تیسری سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔
بائیں ہاتھ سے بولنگ کرانے والے فریڈ مارٹن نے پہلے اننگ میں27 اوور میں50 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ دوسری اننگ میں وہ30.2 اوور52 رنز دیکر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب ہویے تھے۔ اس میچ میں انگلینڈ کو2 وکٹ سے کامیابی ملی تھی۔
اس ٹیسٹ کے بعد فریڈ مارٹن کو ایک اور ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے24.3 اوور میں39 رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹائون میں مارچ 1892 میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میں انہوں نے جنوبی افریقا کی پہلی اننگ میں بولنگ نہیں کی تھی۔
پہلے ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ کرنے کا اعزاز بھارت کے لیگ بریک بولر نریندر ہروانی کے پاس ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چنئی میں جنوری 1988 میں33.5 اوور میں136 رنز دیکر16 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ بھارت نے اس ٹیسٹ میں255 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔اس ٹیسٹ کے بعد نریندر ہروانی نے 16 ٹیسٹ اور کھیلے مگر کسی میں وہ10 وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
پہلی اننگ میں نریندر ہروانی نے18.3 اوور میں61رنز دیکر8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ دوسری اننگ میں وہ15.2 اوور میں75 رنز دیکر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔وکٹ کیپر کرن مورے نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ میں 5 اور میچ میں6 کھلاڑیوں کو اسٹامپ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
آسڑیلیا کے تیز بولر باب میسی نے بھی اپنے پہلے ٹیسٹ میں60.1 اوور میں137 رنز دیکر 16 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 8 وکٹ سے کامیابی دلائی تھی۔ اس ٹیسٹ کے بعد انہوں نے5 اور ٹیسٹ کھیلے تھے اور صرف 15کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ٹھا۔
انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر جون1972 کو کھیلے گئے ٹیسٹ میں باب میسی نے پہلی اننگ میں 32.5 اوور میں84رنز دیکر8کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جبکہ دوسری اننگ میں وہ27.2 اوور میں53رنز دیکر8 ہی کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
پاکستان کے تیز بولر محمد زاہد نے بھی اپنے ٹیسٹ کیریر کا آغاز پہلے ٹیسٹ میں10 سے زیادہ وکٹوں کے ساتھ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی میں نومبر 1996 میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میں وہ41 اوور میں130 رنز دیکر11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔