وسیم اکرم قومی بیٹسمینوں کو دورہ انگلینڈ سے ڈرانے لگے

195

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمینوں کو چیلنجنگ انگلینڈ ٹور سے ڈرایا جانے لگا اور سابق قومی کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ڈیوک کی گیند اور انگلش فاسٹ بولرز کیخلاف پاکستانی بیٹنگ لائن کو سخت امتحان درپیش ہوگا۔وسیم اکرم نے اگست میں شیڈول سیریز کیلئے بابراعظم سمیت دیگر پاکستانی بیٹسمینوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سخت چیلنجز کیلئے تیار رہیں کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے یکسر مختلف ماحول میں پاکستانی پلیئرز سیریز سے قبل قرنطینہ ہوں گے جبکہ اسٹیڈیم میں کوئی شائق انہیں دیکھنے کیلئے موجود نہیں ہوگا۔وسیم اکرم کے مطابق انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں ڈیوک کی گیند کا استعمال پاکستانی پلیئرز کیلئے مشکلات کا باعث بنے گا جبکہ انگلش فاسٹ بولرز جیمز اینڈرسن اور اسٹوارٹ براڈ بڑا خطرہ بن کر سامنے آئیں گے جو دنیا کے چند بہترین پیسرز میں شمار کئے جاتے ہیں اور جب گیند سارا دن یکساں انداز سے گھوم رہی ہوگی تو یہ حالات مصباح اینڈ کمپنی کیلئے سازگار ہرگز نہیں ہوں گے۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے علاوہ ان کے خیال میں حارث سہیل بہت اچھے بیٹسمین ہیں تاہم انہیں اپنی فٹنس پر دھیان دیتے ہوئے وزن کرنے کی ضرورت ہے جس کی بدولت وہ قومی ٹیم کا سرمایہ بن سکتے ہیں۔سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ شان مسعود ٹاپ آرڈر میں ایک مضبوط پلیئر لیکن زیادہ تر آن سائیڈ پر کھیلتے ہیں لہٰذا انہیں انگلش بولرز آف سائیڈ پر پھنسانے کی کوشش کریں گے تو انہیں گیندیں چھوڑنا اور شاٹ سلیکشن سے متعلق سیکھنا پڑے گا۔