کمرشل امپورٹرز نے حکومت سے ریلیف کی اپیل کردی

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والانے کورونا کی مہلک وبا سے ہونے والی معاشی تباہ کاریوں اور سنگین کاروباری نقصانات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ صنعتی خام مال کے کمرشل امپورٹرز کوفکسڈ ٹیکس ریجم میں بحال کیا جائے اور ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں ایس آر او1125کو بھی دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ تجارت وصنعت کو مکمل تباہی سے بچایا جاسکے۔امین یوسف بالا گام والا نے وزیراعظم سے اپیل میں کہاکہ کورونالاک ڈاؤن اور سنگین معاشی بحران کے نتیجے میں کمرشل امپورٹرز کا کاروبار تباہ ہو گیاہے اور انہیں سرمائے کی شدید کمی کا سامنا ہے ۔کورونا کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور ملکی صنعتوںو مارکیٹوں کی بندش کے باعث کمرشل امپورٹرز کا سرمایہ پھنس کر رہ گیا ہے اوراب صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ کمرشل امپورٹرز کے پاس خام مال کی درآمد بحال کرنے کے لیے سرمایہ بھی نہیں جس سے ملکی صنعتوں باالخصوص معیشت میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری اور برآمدی صنعتوں کو طلب کے مطابق خام مال کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی اور اگر خام مال کی قلت پیدا ہوئی تو برآمدی صنعتوں کی پیدواری سرگرمیاں بھی رکاوٹ کا شکار ہوں گی جس کے ملک کی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جو کہ پہلے ہی سنگین بحرانوں کا شکار ہے۔انہوںنے سوال اٹھایا کہ حکومت کا صرف گنے چنے شعبوں کو ریلیف دینا تاجربرادری کے لیے تشویش کا باعث ہے بلکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ موجودہ غیرمعمولی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے تمام شعبوں کو یکساں بنیاد پر ریلیف دے کیونکہ معاشی استحکام اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں فرد واحد نہیں بلکہ سب کا کردار ہوتا ہے لہٰذا برآمدی شعبہ ہو یا درآمدی ، حکومت بلاتفریق ریلیف دے تاکہ کورونا سے متاثرہ کاروبار و صنعتیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔امین یوسف بالاگام والانے وزیراعظم سے غیر رجسٹرڈ افراد کو مال کی فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگرکمرشل امپورٹرز کو فوری طور پر ریلیف نہ دیا گیا تو وہ اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور جائیں گے۔