ڈالر سستا بیرونی قرضوں میں 175 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میں رواں ہفتے کے مسلسل تیسرے روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی مزید 36 پیسے سستی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا ہونے لگا، گزشتہ تین کاروباری سیشنز کے دوران مسلسل امریکی ڈالر کی قدر میں گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔رواں ہفتے کے پانچویں اور آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 36 پیسے کی گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 163.66 روپے سے کم ہو کر 163.30 روپے ہو گئی ہے۔تین روز کے دوران ڈالر ایک روپے 59 پیسے سستا ہوا، دو جون کو ڈالر164 روپے 89پیسے پر بند ہوا تھا۔ ڈالرسستا ہونے سے ملک پر بیرونی قرضوں میں 175 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 66 پیسے سستاہو گیا تھا جس کے باعث امریکی ڈالر 163.66 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 57 پیسے کی تنزلی دیکھی گئی تھی جس کے بعد ڈالر 164.32 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی کرنسی 81 پیسے بڑھ گئی تھی، جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی نئی قیمت 164.89 روپے ہو گئی تھی۔پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 98 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی نئی قیمت 164 روپے 8 پیسے ہو گئی تھی۔