ٹنڈوالہٰیار ، فوڈ کنٹرول اتھارٹی سندھ کی دودھ منڈی میں کارروائی

178

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) فوڈ کنٹرول اتھارٹی سندھ کی ٹنڈوالہٰیار میں دودھ منڈی میں کارروائی، دودھ کے نمونے چیک کیے گئے، چیکنگ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ، مچھر اور کچرہ پایا گیا، ہزاروں روپے کے جرمانے، کارروائی کے دوران متعدد دودھ فروش دودھ چھوڑ کر غائب ہوگئے، ملاوٹ و غیر معیاری دودھ ضائع کروا دیا گیا۔ فوڈ کنٹرول اتھارٹی حیدر آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر امجد علی چانڈیو کی سربراہی میں فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم نے دودھ منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے دودھ کے نمونے چیک کیے چیکنگ کے دوران ٹیم نے دودھ میں ملے پانی، کچرے اور دودھ میں گرے مچھر، مکھی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے مذکورہ طرز کا دودھ فروخت کرنیوالوں کو سخت تنبیہ کی، جبکہ اس دوران غیر معیاری دودھ فروخت کرنیوالے دودھ چھوڑ کر منڈی سے فرار ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی کے دوران مکھی، مچھر اور پانی ملے دودھ کو ضائع بھی کروایا گیا۔ دوسری جانب مذکورہ کارروائی کے حوالے سے جب ڈی سی سے رابطہ کیا گیا تو رابطہ نہیں ہوسکا جبکہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کارروائی کے دوران فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم نے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنیوالوں پر بھاری رقوم کے جرمانے عائد کیے ہیں۔