پیپلز پارٹی اپنے اوپر لگنے والے ہر الزام کا منہ توڑ جواب دے گی

105

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدر آباد کے سیکرٹری اطلاعات احسان ابڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے اوپر لگنے والے ہر الزام کا نہ صرف منہ توڑ جواب دے گی بلکہ ہر الزام کو غلط بھی ثابت کرتی آئی ہے، مفروضات اور ذاتی عناد پر مشتمل بےہودہ لغو الزامات کا جواب دینا کسی طور گوارا نہیں ہے، ملک سے سیکڑوں ارب روپے کی لوٹ مار کرکے را ایجنٹ کو لندن بھیجنے والے اور پھر ملک سے غداری کا ارتکاب کرکے اربوں روپے کی لوٹ مار کے پیسوں سمیت راہِ فرار اختیار کرنے والوں کے سہولت کار بتائیں کہ حیدر آباد اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے ملنے والے کھربوں روپے کہاں خرچ کیے، کیونکہ مصطفی کمال اور فاروق ستار بھی اب یہ کہنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ گوشت کی بین الاقوامی درآمد کرنے والے کل تک دو گریڈ کے سرکاری چپڑاسی ہوا کرتے تھے، جبکہ حیدر آباد اور کراچی میونسپل کارپوریشن کی جائدادیں اپنی ذاتی ملکیت سمجھ کر کوڑیوں کے مول بیچنے والے لٹیرے آج بھی حیدر آباد کراچی کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں، لیکن2018 ءکے انتخابات میں عوام نے ان کے اس دعوے کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے اور اب رہی سہی کسر آنے والے انتخاب میں پوری ہوگی۔ منتشر قومی موومنٹ تحریک انصاف سے گٹھ جوڑ کرکے اقتدار کی ہوس میں کراچی حیدر آباد کے شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتیوں اور ناانصافیوں میں ملوث ہے، کراچی حیدرآباد کے مینڈیٹ کا رونا رونے والے بتائیں کہ آج کراچی اور حیدر آباد کے عوام بجلی و گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کیوں بھگت رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی تو اپنی حکومت سے ترقیاتی اسکیموں میں حیدر آباد کراچی کے ساتھ ناانصافیوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ منتشر قومی موومنٹ کے ارکان خاموش کیوں ہیں؟ ایم کیو ایم اقتدار اور ذاتی مفادات کی پجاری ہے اور اس کے اراکین اپنی ذاتی جائدادیں بنانے اور پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے میں ملوث ہیں۔