حیدر آباد میں گندم کا بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، حافظ ارمان چوہان

135

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام س ضلع حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری حافظ ارمان احمد چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حیدر آباد میں گندم کا بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، ابھی مارچ کے مہینے میں گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آنا شروع ہوئی تھی، صرف 2 مہینے ہی گزرے ہیں کہ کراچی اور حیدر آباد میں گندم نایاب ہونا شروع ہوگئی ہے۔ 43 روپے فروخت ہونے والا آٹا 50 روپے میں فروخت ہورہا ہے، حکومت سندھ کی نااہلی کی وجہ سے عوام مہنگا آٹا اور گندم خریدنے پر مجبور ہیں۔ پچھلے سال ہونے والے گندم کے بحران کے بعد تو حکومت سندھ کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہیے تھا مگر لگتا ہے کہ سندھ حکومت حیدر آباد کے عوام سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی۔ ہم وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حیدر آباد اور کراچی میں ہونے والے گندم کے بحران کو فوری حل کیا جائے اگر ملک میں گندم کم ہے تو دوسرے ممالک سے امپورٹ کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، سندھ بھر سے گندم غائب ہونے کی اعلیٰ اداروں سے شفاف تحقیقات کروائی جائے۔ اس موقع پر مولانا عبدالوحد خان، مولانا اشرف بنوری، قاری ابراہیم قریشی، قاری سعداللہ خان، صاحبزادہ عتیق الرحمن، محمد علی شیخ، حافظ عبدالوحید مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔