بجلی بندش اور حیسکو افسران کی رشوت سیتانی کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے

331

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش اور حیسکو حکام کی ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے لیے رقم کی وصولی کے خلاف علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ٹائروں کو نذر آتش کیا۔ لطیف آباد نمبر9کے رہائشی افرادنے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ علاقے میں 4روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے ٹرانسفارمر خراب ہوگیا ہے علاقہ مکین سخت گرمی میں شدید پریشان ہیں معصوم بچے، بزرگ اور بیمار افراد تڑپ رہے ہیں جبکہ علامہ اقبال سب ڈویژن کے ایس ڈی او ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے لیے 50ہزار روپے طلب کررہے ہیں۔ انہوںنے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں یہ انسانی زندگیوں کا سوال ہے ۔ دوسری جانب پٹھان گوٹھ کے رہائشی افراد نے آٹو بھان روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کیے۔ انہوںنے کہاکہ اب تک ہم سے ٹرانسفارمر کی درستگی کے نام پر رضوی سب ڈویژن کے افسران 70ہزار روپے لے چکے ہیں لیکن 11روز گزر جانے کے باوجود ٹرانسفارمر نہیں لگایا گیا شدید گرمی میں بچے سخت اذیت سے بلبلا رہے ہیں کوئی شنوائی نہیں ہورہی ۔ انہوںنے وفاقی وزیر پانی وبجلی، حیسکو چیف سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔