بیرون ملک مقیم 339 پاکستانی کورونا سے جاں بحق ہوگئے

346

اسلام آباد (آن لا ئن) بیرون ملک مقیم 339 پاکستانی کورونا سے جاں بحق ہوگئے، سب سے زیادہ اموات امارات میں ہوئیں، جہاں 32 پاکستانی موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ سعودی عرب میں 20 پاکستانی وبا کا شکار ہوئے۔ اس بات کا انکشاف ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے پریس بریفنگ میں کیا۔ عائشہ فاروقی نے بتایا کہ کورونا اور دیگر وجوہات کی بنا پر وفات پانے والے 424 پاکستانیوں کی میتیں واپس لائی گئی ہیں۔ اب تک 51 ہزار500 پاکستانیوں کو 65 ممالک سے واپس لایا گیا ہے۔ 54 ہزار 500 پاکستانی یو اے ای سے واپس آنا چاہتے ہیں جبکہ سعودی عرب سے 30 ہزار 500 افراد نے وطن واپسی کی خاطررجسٹریشن کروائی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ اور امریکا میں بھی درجنوں پاکستانیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی سفارت خانے کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ اس بے بنیاد پروپیگنڈے میں یہ کہا جا رہاہے کہ پاکستانیوں کی میتیں گھروں میں پڑی ہیں، انہیں دیکھنے والا کوئی نہیں اور سفارت خانہ اس معاملے سے لاعلمی کا اظہار کر رہا ہے۔ یہ بات بالکل غلط ہے۔ 2 جون کو 20 میتیں پاکستان بھجوائی گئیں جبکہ 6 جون کو بھی اتنی ہی میتیں پاکستان روانہ کی جائیں گی۔