ملک میں کورونا سے مزید 27 ہلاکتیں، 2814 نئے کیسز رپورٹ

235

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)ملک میں کورونا سے مزید 27 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1838 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 90290 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک سندھ میں 575 اور پنجاب میں کورونا سے 629 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 521 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 53 ، اسلام آباد 41، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بروز جمعہ اب تک ملک بھر سے کورونا کے مزید 2814 کیسز اور 27 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 2040 کیسز اور 22 ہلاکتیں، بلوچستان 358 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 402 کیسز 3 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب سے کورونا کے مزید 2040 کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33144 اور ہلاکتیں 629 ہوگئی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7806 ہے۔بلوچستان میں مزید 358 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔پورٹل کیمطابق بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5582 ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 53 ہوگئی ہیں۔بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2037ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 402 کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 3946 ہوگئی ہے جب کہ اموات 41 ہو چکی ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 629 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں آج کورونا کے مزید 14 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 299 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 182 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔سندھ سے جمعہ کو کورونا کے مزید 312 کیسز اور 40 اموات سامنے آئیں ۔محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 34889 اور اموات 615 ہوگئی ہیں۔خیبر پختونخوا میں جمعے کو مزید 569 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 20 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 541 تک جا پہنچی ہے۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 569 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 12459 ہوگئی۔صوبے میں اب تک 3366 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں جمعرات کو 28 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 852 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق کورونا سے اب تک 12 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 541 ہے۔