اسمارٹ لاک ڈائون ناکام ہوگیا، کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ، لیاقت بلوچ

268

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا وبا پھیل رہی ہے ۔حکومتی اسمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی ناکام ہوگئی ۔صرف مساجد میں ہی ضابطوں کی پابندی ہے ملک بھر میں دیگر مقامات پر نہ ضابطوں کی پابندی ہے اور نہ ہی یہ ممکن ہے۔ وفاق اور صوبے اور ریاستی ادارے مل کر ایک قومی ایکشن پلان بنائیں اور انسانی جانوں کا تحفظ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پروفیسر نعمت اللہ بٹ کے جنازے کی امامت کے بعد وفد و صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات بہت ہی بگڑ چکے ہیں ۔بھارتی فاشزم بڑی تباہی اور المیے رونما کررہا ہے ۔اقوام متحدہ کا ادارہ سلامتی کونسل فوری نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی جبر ،ظلم اور ناجائز قبضے سے نجات دلائے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ٹڈی دل حملے،بارشیں،ژالہ باری سے فوڈ سیکورٹی کو بڑے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔وفاقی و صوبائی حکومتیں ٹڈی دل انسدادی پروگرام میں بری طرح ناکام ہیں۔فوج کو ہی اس محاذ پر بھی کردار ادا کرنا پڑرہا ہے۔آخر عوام سول اور جمہوری حکومت سے اورکیا توقع رکھیں۔ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ اور حکومت بھارتی عزائم کے مقابلے کے لیے ملک کے اندر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ بند کرے۔قومی سلامتی کو بھارت سے لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے پوری قومی قیادت کو متحد کرے اور متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے ۔قومی سلامتی کے تحفظ اور مودی فاشزم کے مقابلے کے لیے عمران خان کو اپنی ضد اور میں نا مانوںکی روش کوختم کرنا ہوگا۔