سندھ اور پنجاب میں ٹریفک حادثات، 10 افراد ہلاک

197

ہری پور/نوشہروفیروز(اے پی پی)سندھ اور پنجاب میں مختلف ٹریفک کے المناک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح ایبٹ آباد کے بانڈہ نور احمد کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 7 افراد کیری ڈبہ میں راولپنڈی جا رہے تھے کہ ہزارہ موٹروے پر جھاری کس کے قریب ٹریفک حادثہ کا شکار ہو گئے اور ان کی گاڑی کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 3 سگے بھائی اور ماں، بیٹی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ہری پور کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمی اور جاں بحق افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جبکہ زخمی افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق دوسرا حادثہ خانپور روڈ پر چیچیاں کے قریب پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی اور سوزوکی پک اپ گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے ۔علاوہ ازیں سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں کنڈیارو کے قریب مسافر کوچ دکان میں گھسنے کے باعث ایک خاتون 2 بیٹیوں سمیت جاں بحق ہوگئیں جبکہ متعددافراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے پنجاب جا رہی تھی کہ کنڈیارو کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک دکان میں گھس گئی،جاں بحق بچیوں کی عمریں 8 اور 10 سال ہیں، مرنے والوں کا تعلق شکارپور سے ہے۔