رمضان شوگر مل ریفرنس‘ شہباز، حمزہ فرد جرم کی کارروائی کیلیے طلب

111

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، ن لیگ کے صدرشہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے ذاتی حیثیت میں11 جون کو طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے ایس پی ہیڈکوارٹر کو حکم دیا کہ فرد جرم کی کارروائی کے لیے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر حال میں عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب آشیانہ اقبال ریفرنس پر ملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد محمود کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18جون تک توسیع کردی۔