بھارت،تبلیغی جماعت کے ہزاروں غیر ملکی ارکان پر پابندی

196

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں بی جے پی حکومت کی مسلم مخالف پالیسی کے تسلسل میں کورونا وائرس پھیلنے کا الزام تبلیغی جماعت کے ارکان پر تھوپنے اور درجنوں افراد کی گرفتاری کے بعد مودی سرکار نے تبلیغی جماعت سے وابستہ ڈھائی ہزار سے زیادہ غیر ملکیوں کا بھارت میں داخلہ روکنے کے لیے 10 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حکومت نے تبلیغی جماعت کے غیر ملکی ارکان پر ویزا ضابطوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے غیر انسانی فیصلہ کیا ہے۔وزارت داخلہ نے ایسے تمام افراد کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے بھارت میں آکر تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا جب کہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک کے آنے والے تبلیغی جماعت کے ارکان پر ویزا کے غلط استعمال کا حکومتی الزام بے بنیاد ہے، جسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ ملک کے بیشتر مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے لوگ سیاحتی ویزے پر ہی آتے ہیں اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت مسلمانوں کے ساتھ تفریق برت رہی ہے۔ بھارتی حکومت کا الزام ہے کہ ایسے افراد سیاحتی ویزا پر بھارت آئے تھے اور اس کے تحت مذہب کی تبلیغی سرگرمیوں میں ان کی شرکت غیر قانونی ہے۔ جب تبلیغی مرکز میں کورونا وائرس کی وبا کا پتا چلا تو ان میں سے بیشتر افراد مرکز میں موجود تھے، جنہوں نے پابندیوں اور بندشوں کا خیال نہیں رکھا۔