صوابی،پولیس کا سرچ آپریشن ، 45 افراد گرفتار،اسلحہ و منشیات بر آمد

335

صوابی (این این آئی) تور ڈھیر پولیس کا جرائم پیشہ افراد و منشیات فروشوں کیخلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن، 9 اشتہاری ملزمان، 4 سہولت کار، 3 منشیات فروشوں سمیت 45 مشتبہ افراد گرفتار کرکے 4 کلاشنکوف، ایک بندوق، 8 پستول، 333 کارتوس، 5226 گرام چرس، 70 گرام آئس، 420 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ مشتبہ افراد کو ویریفیکشن کلیئر ہونے کے بعد چھوڑ دیا گیا جبکہ 16 گاڑیوں سے کالے شیشے اُتارے گئے۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی پی او صوابی عمران شاہد کی وضع کردہ ہدایات پر ضلعی پولیس سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں سرکل لاہور ڈی ایس پی تاج محمد خان کی قیادت میں ایس ایچ او تور ڈھیر سب انسپکٹر افتخار شاہ مع بھاری پولیس نفری، ایلیٹ فورس، آر آر ایف، ڈی ایس بی، لیڈی کانسٹیبلز نے علاقہ تور ڈھیر، جلب، میرہ و دیگر حساس بانڈہ جات میں جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ دوران چھاپا قتل و اقدام قتل ودیگر مختلف جرائم میں مطلوب 9 مجرمان اشتہاری دھرلیے، جبکہ جرائم پیشہ افراد کو سہولت و امداد مہیا و فراہم کرنے پر 4 افراد گرفتار کیے گئے، لوگوں کو دھمکا و ڈرا کر فائرنگ کرنے والا ملزم بھی پولیس کے شکنجے میں، اسی طرح ہوائی فائرنگ کرنے والے تین افراد بھی گرفتار کیے گئے جبکہ کئی مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ویریفیکشن کے بعد چھوڑ دیا گیا، گرفتار شدہ افراد سے 4 کلاشنکوف، ایک بندوق، 8 پستول، 333 کارتوس، 5226 گرام چرس، 70 گرام آئس، 420 گرام ہیروئن برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔ اس دوران 16 گاڑیوں سے کالے شیشے اُتارے گئے جبکہ بغیر کاغذات 20 موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی۔