میہڑ، میٹر کی تاریں کاٹنے ، ٹرانسفارمر مرمت نہ کرنے کیخلاف احتجاج

159

میہڑ (نمائندہ جسارت) ایس ڈی او واپڈا اور لائن مین کا ظلم، میٹر کی تاریں کاٹنے اور جلہ ٹرانسفارمر نہ بنانے کیخلاف بھنڈ محلہ میہڑ کے رہائشی جاوید منگی، شبیر چنا، عبدالقادر منگی، صداقت سومرو، اظہر شاہ، کامریڈ اعجاز کھوکر، محمد علی قنبرانی، رئیس یاسین خان منگی، عامر خان ملک، علی گوہر جانوری سمیت دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرکے شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ایس ڈی او سیپکو نشے میں دھت ہوکر پیسوں کے لالچ میں ہمارے ٹرانسفارمر سے میٹر کی تاریں کاٹ کر محلہ والوں سے ظلم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلے ہوئے ٹرانسفارمر درست کرنے کے لیے ہم سے لاکھوں روپے رشوت طلب کر رہا ہے جبکہ محلے والوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ سیپکو میہڑ انتظامیہ کی جانب سے ظلم بند نہیں کیا گیا تو تحریک چلائیں گے۔ دوسری جانب سیپکو میہڑ انتظامیہ کی کرپشن اور ظلم کیخلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی ضلع دادو کے رہنما سکندر سوڈہر، عبدالحمید سومرو، حاجی خان مارفانی کی قیادت میں سیپکو آفس میہڑ کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کر کے تپتی دھوپ میں شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایس ڈی او سیپکو اور دیگر نے میہڑ تحصیل میں کرپشن کی انتہا کردی ہے، وہ پیسوں کے لالچ میں صارفین کو پریشان کر رہے ہیں جبکہ لائن مین پرائیویٹ لوگوں کو مقرر کر کے ظلم کی انتہا کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے، شہریوں اور علاقہ مکینوں کو پریشان کرنا بند کرے جب تک واپڈا انتظامیہ کرپشن اور صارفین کو پریشان کرنا بند نہیں کرے گی احتجاجی کیمپ جاری رہے گا۔ شہریوں کی شکایات پرچیف ایگزیکٹو سیپکو سکھر نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی او سیپکو میہڑ کاشف گلزار شیخ کو شکارپور ٹرانسفر کردیا ہے جبکہ لائن مینوں کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔