حکمران اپنی کرپشن چھپانے کیلیے اداروںکی نجکاری کرنا چاہتے ہیں

206

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر نے کہا ہے کہ عوام پورے ملک میں رل گئے۔ عملاً پورے ملک میں وفاق اور صوبوں کی رٹ نہیں، عوام لوٹ مار مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ 22 ماہ میں عمران خان حکومت نے عوام، خواتین اور خصوصاً نوجوانوں کو مایوس کردیاہے۔ انہوںنے کہاکہ کورونا وائرس سے1838 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے ارکان جاں بحق ہوگئے ہیں، سب اموات صدمے کا باعث ہیں۔ پورے ملک میں کورونا کو منظم طریقے سے پھیلا دیا گیا ہے۔ وفاق اور صوبے ایک پیج پر نہیں۔ لاک ڈائون اور کاروبار بندش پر ایک پالیسی نہیں۔ جلد بازی میں لاک ڈائون اور مزیدبے تدبیری سے لاک ڈائون کا خاتمہ کورونا وبا میں اضافے کا باعث بن گیاہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کورونا وبا، اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے قومی قیادت کے تعاون سے قومی حکمت عملی بنائیں وگرنہ ہر میدان کا زوال جمہوریت و پارلیمانی نظام کے لیے جان لیوابن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل ملز سمیت تمام منافع بخش ادارے اس وقت شدید خسارے میں جاچکے ہیں۔ ہر دور حکومت میں ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا رہا ہے۔ حکمران اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے اداروںکی نجکاری کرنا چاہتے ہیں، اس سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے۔ ملک میں پہلے ہی کورونا کے باعث مسلسل لاک ڈائون سے دو کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بہت مایوس کیا ہے۔ ان میں کسی قسم کا کوئی وژن نہیں۔ عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔