سجاول،15 دن قبل قتل کرکے لاش گڑھے میں دبانے کا معاملہ حل ہوگیا

213

سجاول (نمائندہ جسارت)سجاول میں پندرہ دن قبل قتل کرکے لاش گڑھا کھود کر دبا دینے والا معاملہ، ملزمان کی نشاندہی پر عدالت کی زیر نگرانی گمشدہ شخص کی لاش نکالی گئی۔ پندرہ دن قبل گم ہونے والے نوجوان قادر بخش کوڈاریو کو قتل کرکے لاش زمین میں دبا دینے کے انکشاف کے بعد سیکنڈ سول جج سجاول جمیل راجپر کی زیر نگرانی گرفتار ملزمان کی نشاندھی پر زمین میں دبی ہوئی گمشدہ قادر بخش کوڈاریو ملاح کی لاش نکالی گئی۔ قبل ازیں قتل ہونے والے نوجوان قادر بخش کے ورثا کی جانب سے سجاول تھانے پر مقتول نوجوان کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شک کی بنیاد پر دو ملزمان علی اکبر اور عبدالغفار ملاح کو گرفتار کیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ذاتی دشمنی کی بنا پر قادر بخش کوڈاریو کو قتل کر کے لاش کو دفن کردیا ہے۔ بعد ازاں پولیس کی جانب سے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کے حکم پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر لاش نکلوائی گئی۔ لاش نکالنے کے موقع پر ڈی ایس پی سجاول گل عباس، ایس ایچ او سجاول آفتاب جاگیرانی، ایس ایچ او بیلو اصغر بروہی اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا کی جانب سے قادر بخش کے اغوا کی ایف آئی آر کو قتل کی ایف آئی آر میں تبدیل کیا جائے گا۔مزید پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔