کچی آبادی کی لیز کے کام کو جلد از جلد شروع کیا جائے، محمد علی شیخ

256

سکھر (نمائندہ جسارت) میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے کچی آبادی کی لیز کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز کچی آبادی I اور II کو ہدایت جاری کی ہیں کہ حکومت سندھ کے نوٹیفکیشن کے تحت کچی آبادی کی لیز کے کام کو جلد از جلد شروع کیا جائے، کچی آبادی کے وہ مکین جو لیزنگ کے قاعدے قانون اور قانونی تقاضوں پر پورا اترتے ہوں ان سے درخواستیں وصول کر کے کارروائی کو آگے بڑھایا جائے تاکہ حکومت سندھ کی ہدایات کی روشنی میں مکینوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیزنگ کے حوالے سے کچی آبادی کے مکینوں کو آگاہی دینے کے لیے کیبل پر اشتہار چلوایا جائے تاکہ وہ اپنی جگہوں کی لیزنگ کے لیے دفتر ہذا سے رجوع کرسکیں۔ مذکورہ میٹنگ میں میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طفیل احمد، ایس پی او عابد علی انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی I جاوید انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی II غلام سرور پیرزادہ، آفس سپرنٹنڈنٹ اسلام الدین شیخ، انجینئر رضوان شاہ اور محمد عثمان نے شرکت کی۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے صورتحال نازک ہے، وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، کیبل پر اشتہار دینے سے دفتر میں شہریوں کا رش بڑھے گا، صورتحال کو دیکھتے ہوئے لیزنگ کے عمل کو کچھ دن کے لیے مؤخر کیا جائے۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے تجویز پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طفیل سے ان کی رائے طلب کی جس پر انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال گمبھیر ہے، ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، جتنا سماجی فاصلہ رکھیں گے، اتنا ہی وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے گی، لہٰذا میری تجویز ہے کہ کچی آبادی کی لیزنگ کو 15 روز کے لیے مؤخر کیا جائے، 15 روز کے بعد صورتحال کو دیکھتے ہوئے لیزنگ کا عمل شروع کیا جائے تو بہتر ہوگا، جس پر میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے میڈیکل آفیسر کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے 15 روز بعد صورتحال کو دیکھتے ہوئے لیزنگ کے عمل کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔