لاڑکانہ، بجلی کا کرنٹ لگنے سے 12 سالہ بچہ جاں بحق

185

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے ناکہ نمبر سات کے علاقے میں 12 سالہ بچے عالیان چانڈیو بجلی کرنٹ کے باعث بیہوش ہوگیا، جسے ورثا نے بیہوشی کی حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں بچے کے موت کی تصدیق کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ ورثا کے مطابق عالیان گھر میں رکھے ہوئے فریج سے بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث بیہوش ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ دوسری جانب متوفی بچے کی لاش گھر پہنچا دی گئی، جہاں لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ کے قریب تھانہ وارث ڈنو ماچھی کی حد گاؤں وارث ڈنو ماچھی میں جونیجا برادری کے دو گروہوں میں جاری پرانے تنازع پر جھگڑا ہوا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان راشد جونیجو سمیت کلہاڑیوں، لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے وار سے دیدار جونیجو، صدام جونیجو سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں ورثا نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، زخمیوں کے مطابق ان کا اپنی ہی برادری کے بااثر افراد کے ساتھ پرانہ تنازع چل رہا ہے، جس پر انہوں نے فائرنگ کرکے نوجوان راشد جونیجو سمیت کلہاڑیوں، ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے پانچ افراد کو زخمی کردیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث بااثر افراد کو گرفتار کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔ لاڑکانہ شہر کے بہارپور کے رہائشی 22 سالہ نوجوان عتیق الرحمن جتوئی نے گھریلو ناچاقیوں کے باعث خود پر فائرنگ کرکے خودکشی کی کوشش کی، جسے ورثا نے تشویشناک حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی جبکہ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان کی حالت تشویشناک ہے، جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔ اس موقع پر ورثا کا کہنا تھا کہ عتیق الرحمن نے گھریلو ناچاقیوں کے باعث خود پر پستول کے فائر کرکے خودکشی کی کوشش کی، جسے اسپتال منتقل کیا۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک نوجوان کا علاج جاری تھا۔ لاڑکانہ قنبر شہدادکوٹ ضلع کی تحصیل وارہ کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں گاؤں خاوند گوگانی کا رہائشی 55 سالہ ضعیف شخص غلام مصطفی چانڈیو شدید زخمی ہوئے جسے لوگوں نے تشویشناک حالت میں علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج ضعیف شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ورثا کے مطابق غلام مصطفی چانڈیو علیل تھے جو ڈاکٹر کے پاس معائنے کے لیے وارہ شہر جارہے تھے، جہاں راستے میں دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں وہ زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گئے۔ دوسری جانب متوفی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔