مسافر گاڑیاں صرف ضلع کے اندر چلانے کی اجازت ہے، زاہد میمن

118

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر میرپور خاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے، لوگوں کی جان بچانے کے لیے قانون پر عملدرآمد کرانا انتظامیہ کی ذمے داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں ایس ایس پی جاوید بلوچ کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹروں کو ہدایت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کبھی بھی یہ نہیں چاہے گی کہ غریب عوام معاشی طور پر کمزور ہوں کیونکہ عوام کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی نقصان ہورہا ہے، یہ سب اقدامات عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے کیے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر (ایس او پیز) پر عمل کرنے کے لیے مسافر گاڑیوں کی انتظامیہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو عام بیماری نہ سمجھا جائے، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم یا ہمارے پیارے اس وبا میں مبتلا ہوجائیں اور اسپتالوں میں جگہ نہ ملے، اس لیے ہم سب کو باہمی کوششوں سے ہی اس وبا سے بچنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مسافر گاڑیوں کو صرف ضلع کے اندر چلانے کی اجازت ہے۔ گاڑیاں مخصوص اڈوں سے چلائی جائیں گی، مسافر وں کو راستوں سے گاڑیوں میں چڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گاڑیوں میں چڑھنے سے قبل مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، عمر رسیدہ افراد، زکام، کھانسی یا بخار میں مبتلا مسافروںکو گاڑیوں میں سفر کرنے کی اجازت نہ دی جائے، گاڑیوں میں ماسک پہننا اور سینی ٹائزر ہونا لازمی ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہ کرنے والے ٹرانسپورٹروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص غلام حسین کانیہوں، اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری، محمد خان کھٹی، ڈی آئی بی انچارج دانش اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔