مویشی منڈی کیلئے ایدمنسٹریٹر سمیت دیگر ٹھیکے جاری

432

کراچی(رپو رٹ:منیر عقیل انصاری) سپرہائی وے پر قائم کی جانے والی ایشیاء کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی 2020 ء کے لیے ایڈمنسٹریٹرسمیت دیگر ٹھیکے جاری کرد یے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی2020 کے لیے ایڈ منسٹریٹر،بجلی کی سپلائی، کار پارکنگ،پانی کی سپلائی،سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی،برف سپلائی، ٹینٹ (شامیانے) اور بیت الخلاء سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکے جاری کردیے گئے ہیں۔مویشی منڈی 2020 کے لیے ایڈ منسٹریٹر کا ٹھیکا حسن اینڈ کمپنی کے مظفر حسن کو دیا گیا ہے۔پانی کی سپلائی کا ٹھیکا غلام نبی،بجلی کا ٹھیکا اقبال امین،پارکنگ کا ٹھیکا منہاج،ٹینٹ (شامیانے)کا ٹھیکا ایم جے کے ٹریڈرز کے مسعود کو دیا گیا ہے۔اسی طرح سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی اور برف سپلائی سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔مویشی منڈی 2020 ء کے لیے ایڈ منسٹریٹر کا ٹھیکا حاصل کرنے والی حسن اینڈ کمپنی کے مظفر حسن نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈی میں جانوروں کو رکھنے کے لیے بلاکس کو ہموار کرنے کا عمل جلد شروع کیاجائیگا۔ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم اس دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کو جانوروں کی خرید و فروخت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ہم جلد ہی مشینری ٹر یکٹر ٹرالی اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے ذریعے علاقے کی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات شروع کرینگے۔اس سال قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے آنے والے بیوپاریوں اور عوام کو خرید و فروخت میں ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلیے دیگر اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی جائے گی تاکہ منصوبہ بندی کے ذریعے ایک مربوط سسٹم کے تحت انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ صفائی،ستھرائی اور جانوروں کی آمد کے آغاز کے ساتھ ہماری بنیادی ذمے داری سہراب گوٹھ پر ایشیاکی سب سے بڑی مویشی منڈی کا قیام اور اسے بیوپاریوں اور خریداروں کیلیے محفوظ بنانا ہے۔گزشتہ سال کی طرح امسال سال بھی بیوپاریوں اور خریداروں کو آسان سہو لیات مہیا کریں گے بالخصوص پانی,بجلی،پارکنگ اور گند گی کے سدباب کے لیے معقول انتظام کیا جا ئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قیام کے لیے 900 ایکڑ سے زاید کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں وی آئی پی بلاک سمیت 25 سے زاید بلاک قائم کیے جائیںگے۔ اسکے علاوہ بیوپاری اور عوام کی سہولیات کے لیے مختلف اسٹالز، پارکنگ اور اے ٹی ایم مشین لگائی جائے گی تاکہ جانوروں کی خریداری کرنے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ترجمان مویشی منڈی2020 یاور رضا چاولہ نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کورونا کے سبب تمام ایس او پیز کے ساتھ لگائی جائے گی۔