حادثات و پرتشدد واقعات میں 2 بچوں سمیت6 افراد جاں بحق

257

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حاد ثات وپرُتشدد واقعات کے دوان 2 بچوںاورایک مزدور سمیت6افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری میراں ناکہ میں میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہو گیا،جس کی لاش کو سول اسپتال لایا گیا،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر9برس کے قریب ہے ،تاہم فوری طور پر اسکی شناخت نہیں ہو سکی۔جیکسن کے علاقے کیماڑی گیٹ نمبر18کے قریب کام کے دوران لفٹر گر گیا جس کے نیچے دب کر مزدور جاںبحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی،جہاں متوفی کی شناخت 32سالہ فضل الرحمٰن ولد حبیب الرحمٰن کے نام سے ہوئی۔منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس محمد گوٹھ میں خالی پلاٹ کے قریب پانی کے جوہڑ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش جوہڑ سے نکال کر کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی جہاں متوفی کی شناخت 12 سالہ رضوان ولد محمد یعقوب کے نام سے ہوئی جو اسی علاقے کارہائشی بتایا جاتا ہے۔قائد آباد تھانے کے قریب واقع ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس لاش کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں اسکی شناخت 35سالہ شاہد ولد اقبال کے نام سے ہوئی،پولیس ک مطابق متوفی پانی کی موڑ چلانے کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ڈاکس کے علاقے مچھرکالونی نزد الغفورہوٹل کے قریب واقع ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے50 سالہ عبداللطیف ولدکمال الدین جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی۔ ادھر گلشن معمار تھانے کی حدود ایوب شاہ درگاہ کے قریب سے ایک شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اورمعائنے کے بعد لاش کو کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق مقتول کی عمر25 سے30برس کے درمیان ہے تاہم اسکے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے،پولیس کے مطابق مقتول کے گلے پر نشانات موجود ہیں،پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اسے گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل وجہ موت معلوم ہو سکے گی،تاہم پولیس نے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوا دی ہے۔ادھرسائٹ اے سیکشن تھانے کی حدودسائٹ ایریا سیمنس چورنگی کے قریب واقع کچرا کنڈی سے ایک شخص کی لاش کی اطلاع پرپولیس موقع پرپہنچی اور معائنے کے بعد لاش کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی ،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 22سے25برس ہے تاہم اسکی فوری طورپر شناخت نہیں ہو سکی،پولیس کے مطابق متوفی کچرا چننے والا افغان تھا اور نشے کا عادی تھا،نشے کے دوران گرنے سے اسکا سر اینٹ پر جا لگا جسکی وجہ سے اسکے سر پر زخم کا نشان بھی موجود ہے،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے منتقل کر دی ہے۔ علاوہ ازیںمیٹھادر کے علاقے لائٹ ہاؤس پیپر مارکیٹ کے قریب واقع ایک گھر میں تعفن اٹھنے کی اطلاع پرپولیس موقع پرپہنچی اور گھر کا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی تو کمرے میں لاش پڑی تھی،تاہم لاش کارروائی کے لیے پولیس نے سول اسپتال منتقل کی ، پولیس کے مطابق لاش دو سے تین روز پرانی ہے،جبکہ فوری طور پر وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی،متوفی کی شناخت 30 سالہ اظہار بلوچ ولد طارق کے نام سے ہوئی پولیس نے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے بعد لاش سردخانے میں رکھوا دی۔