مضرصحت پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن جاری

286

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصرحسین شاہ کی ہدایات پرواٹربورڈ اور پولیس کا شہر میں مضرصحت پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن جاری ہے ، 11ملزمان گرفتار کرکے مضر صحت پانی سے بھرے 10وہیلرز سمیت مختلف ٹینکرز قبضے میں لے لیے گئے ہیں ،واٹربورڈ نے ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمات درج کرادیے گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے بلوچستان کے علاقہ ساکران اور ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں کے ساتھ کراچی کے مضافات میں پانی کے جوہڑوں سے مضرصحت اور کیمیکل ملا پانی بھر کر کراچی میں فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کیلیے آئی جی سندھ پولیس کو ایک مکتوب ارسال کیا تھا ، دوسری جانب وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹربورڈ افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے کر انہیں مضرصحت پانی سے بھرے ٹینکروں کیخلاف کارروائی کا ہدف دیا تھا، شہر میں ٹینکروں کے ذریعہ مضر صحت پانی کی فروخت کیخلاف کارروائیوں کیلیے نامزد ایم ڈی واٹربورڈ کے فوکل پرسن اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیوانجینئر ریحان اقبال نے منگھوپیر تھانہ کے اہلکاروں کی مدد سے مضرصحت پانی سے بھرے ٹینکر کراچی لاکر فروخت کرنے والے ٹینکروں کیخلاف کارروائی کی۔