وزیراعظم پورٹل پر ہزاروں شکایات سندھ سے آئیں‘شہباز گل

309
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پولیٹیکل کمیونی کیشنز ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم پورٹل پر ہزاروں شکایات سندھ سے آئیں جبکہ مجموعی طور پر22 لاکھ شکایات موصول ہو چکی ہیں‘ تاحال بے پناہ اہمیت کی حامل 28 ہزار 118 شکایات کا ازالہ نہیں ہو سکا جن میں سب سے زیادہ شکایات سندھ کے اداروں کے بارے میںہیں‘ شہباز شریف لوگوں کی ذاتیات پر بیان بازی سے گریز کریں اور اپنی کرپشن کا حساب دیں‘ ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ شہباز شریف اپنے مفرور بھائی نواز شریف کے ضامن ہیں‘ پیپلز پارٹی کے بیشتر سرکردہ رہنمائوں پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز گل نے کہا کہ اب تک 28 ہزار 118 شکایات کو بے پناہ اہمیت کا حامل قرار دیا گیا ہے جن میں سے خیبرپختونخوا سے1557، پنجاب سے 2065، بلوچستان سے 583، وفاقی دارالحکومت سے 5086 موصول ہوئیں مگر سندھ سے انتہائی اہمیت کی حامل شکایات 17096 ہیں جن میں 6 ہزار شکایات وفاقی اداروں کے خلاف جبکہ باقی تمام شکایات سندھ کے اداروں کے خلاف ہیں‘10غیر مطمئن اداروں میں سے8 کا تعلق سندھ سے ہے‘ عوام سندھ کے کسی ایک ادارے سے بھی مطمئن نہیں ۔