حکومتی یوٹرن‘ مئیر اسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

145

اسلام آباد (آن لائن) حکومت کا ایک اور یوٹرن مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے میئر اسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لیا تھا۔ طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا کہ میئر اسلام آباد کے خلاف نوٹیفکیشن واپس لے کر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے طارق کھوکھر کے بیان پر درخواست نمٹا دی۔ یاد رہے کہ لوکل گورنمنٹ کمیشن کی سفارش پر وفاقی حکومت نے مئیر اسلام آباد کو 90 روز کے لیے معطل کر دیا تھا، مئیر اسلام آباد نے اپنی معطلی کو اپنے وکیل کے ذریعے ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے میئر کی معطلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کر رکھا تھا ۔بعدازاں میئر اسلام آباد نے گزشتہ روز وفاق کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ دائر درخواست میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی اعوان سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ مئیر اسلام آباد کے خلاف کارروائی کے لیے لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس آج پھر طلب کرلیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود کمیشن پھر معطل کرنے کی کوشش کررہا ہے، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری کمیشن بھی توہین عدالت کررہے ہیں جس پر عدالت نے وفاق کو گزشتہ روز کے لیے نوٹس جاری کر رکھے تھے اور عدالت نے معاملے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر رکھا تھا۔وفاقی حکومت نے گزشتہ روز اپنے جواب میں معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ۔