اسٹیل مل ملازمین کی برطرفی کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد

495
فائل فوٹو

چیئرمین سینیٹ نے اسٹیل مل ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کا معاملہ متعلقہ  قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے اسٹیل مل ملازمین کی برطرفی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کرکے اسٹیل مل ملازمین کو فارغ کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اسٹیل مل چلا کر دکھائیں گے مگر اب عمران خان کا وہ وعدہ کہاں گیا۔

مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا کہ اسٹیل مل سے متعلق معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے، جس پر چیئرمین سینیٹ نے اسٹیل مل ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کا معاملہ متعلقہ  قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے ہدایت دی کہ کمیٹی 8 جون تک سفارشات مکمل کرے اور دس روز کے اندر ایوان میں پیش کرے۔