خواتین کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان ہوگیا

715

کراچی( موسیٰ غنی): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 2020-21 کیلئے خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ  کی جانب سے  جاری کیے گئے خواتین کرکٹرز کاسینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا،سینٹرل کنٹریکٹ میں اسپنر انعم امین اوربیٹر عمیمہ سہیل سمیت 9 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ  گزشتہ سیزن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دے دی گئی ہے۔

پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریزکے معاوضوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنےکیلئے ایک نئی کٹیگری تشکیل دی ہے۔ جس کو  ایمرجنگ کٹیگری کا نام دیا گیا ہے  اس کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 22 سالہ منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔

ادوسری جانب  پی سی بی نے خواتین ڈومیسٹک ایونٹس کے معاوضے بھی بڑھا دئیے ہیں، ان ایونٹس کی میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 2020-21 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے  کردیاگیا ہے۔ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار مقررہ وقت پر جاری کردیا جائے گا۔

سنٹرل کنٹریکٹ برائے 2020-21 :

کٹیگری اے : بسمہ معروف، جویریہ خان

کٹیگری بی: عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز

کٹیگری سی: انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار

ایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ: سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال

خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہناہے کہ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے وہ  سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے  والی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔

انہوں کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی، جہاں گزشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس  کا پیمانہ اپنایا گیا ۔

عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ رواں سال بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بسمہ معروف اور جویریہ خان  کو سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ کٹیگری کے اعلان پرخوش ہیں اس کٹیگری میں شامل 9 خواتین کرکٹرز مستقبل کا اثاثہ ہیں اور انہیں  امید ہے کہ اس اعلان سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔