جامعہ کراچی:  اکیڈمک کونسل کا اجلاس، آن لائن کلاسز کی منظوری

1414

جامعہ کراچی : اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں آن لائن کلاسز،سیمسٹر،امتحانات اور دیگر امور سے متعلق سفارشات کی منظوری دی گئی۔

وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیرصدارت اکیڈمک کونسل کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں روئسائے کلیہ جات سمیت 86 ممبران نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں کوروناوائرس کی وجہ سے درپیش صورتحال کے تناظر میں پیش کی جانے والی سفارشات کی منظوری دی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایچ ای سی کی ہدایت اور اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ کی ہر فیکلٹی سے3 سے5 اساتذہ کی بطور ماسٹر ٹرینر نشاندہی کرے گی ،جن کی ذمے اپنی فیکلٹی کے دیگر اساتذہ کی ٹریننگ ہوگا۔

رئیس کلیہ اپنی فیکلٹی سے ماسٹر ٹرینر نامزد کرینگے اور ان کی جانب سے دیگر اساتذہ کو فراہم کردہ تربیت کی بھی نگرانی کرینگے،روسائے کلیہ جات کے دفاتر اساتذہ کی معاونت کا مرکز ہونگے، جبکہ رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان اساتذہ کو آن لائن کلاسز کے دوران سرقہ نویسی اور کاپی رائٹ کے مسائل پر رہنما ئی فراہم کرینگے۔

تمام آن لائن کلاسز اور اسائنمنٹ کے جمع کرانے کا عمل منظور شدہ کورس آوٹ لائن کے مطابق15 جولائی 2020تک جاری رہے گاجبکہ لیب اورپریکٹیکل سیشن کے متبادل بھی آن لائن کلاس کا انعقاد کیا جاسکے گا۔

اساتذہ اپنے گھر سے آن لائن کلاسز کا انعقاد کرسکیں گے اور کسی پریشانی کی صورت میں وہ اپنے دفاتر،کلاس رومز یا رئیس کلیہ کے میٹنگ رومز کا استعمال کرسکیں گے۔ہر شعبہ15جولائی تک  ایک شعبہ جاتی طلبہ جانچ کمیٹی قائم کرے گا۔

متعلقہ اداروں سے اجازت کے بعد،ان تمام طالب علموں جو آن لائن کلاسز لینے سے قاصر رہے کے لئے16 جولائی تا 13 اگست کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پر کلاسز،لیب اور بقیہ لیکچرز کو بھی 40 منٹ پر مشتمل اسمارٹ کلاس کی صورت میں منعقد کردیا جائے گا۔تمام طلبہ کی آن لائن  اسسمنٹ (جانچ)اور امتحانات کا عمل17 سے21 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا،سیمسٹر امتحانات 22 اگست تا12ستمبر ہونگے۔

دوسرے سیمسٹر2020کا تدریسی عمل15 ستمبر سے 13دسمبر تک جاری رہے گا،سیمسٹر امتحانات14 دسمبر تا 31دسمبر2020ہونگے۔

ایوننگ پروگرام کی کلاسز،لیبز اور اسسمنٹ مذکورہ شیڈول کے مطابق ہوگی، آن لائن تدریس 15 جولائی تک،بقیہ نصاب کی کلاسز اور لیبز16 جولائی تا10 ستمبر،آن لائن اسسمنٹ (جانچ) اور امتحانات کو حتمی شکل دینا 11 تا13 ستمبر،پہلے سیمسٹر امتحانات14 تا30 ستمبر،دوسرے سیمسٹر کا تدریسی عمل یکم اکتوبر تا31 دسمبر 2020 ء دوسرے سیمسٹر کے امتحانات یکم جنوری تا20 جنوری 2021 ء منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسٹوڈنٹس ایگزامینیشن، اسسمنٹ اینڈ ایولیشن کے حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بلوچ کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مذکورہ معاملات پر اپنی سفارشات مرتب کرکے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی کو پیش کریں گے۔